ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور کے قریب تیز رفتار کار کی ٹینکر سے ٹکر؛ ایک کی موقع پر موت؛ نوشدید زخمی

بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور کے قریب تیز رفتار کار کی ٹینکر سے ٹکر؛ ایک کی موقع پر موت؛ نوشدید زخمی

Tue, 06 Mar 2018 18:07:22    S.O. News Service

بھٹکل 6/مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور کے قریب ماون کٹے نیشنل ہائی وے 66 پر ہوئے ایک بدترین سڑک حادثے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت  واقع ہوگئی جب کہ نو دیگر افراد  زخمی ہوگئے جس میں چار کو شدید چوٹیں آئی ہے اور انہیں  منی پال شفٹ کیا گیا ہے۔ ان میں سے  ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

سات سیٹر والی ایروٹیکا کارپر سوار پڑوسی ضلع تعلقہ بیندور کے قریب واقع اُپندا کی ایک ہی فیملی کے دس افراد  سرسی جاترا سے  اُپندا    جارہے تھے کہ شرالی اور مرڈیشور کے درمیان واقع ماون کٹہ نیشنل ہائی وے پر ان کی کار تیز رفتاری کے ساتھ مخالف سمت سے آرہی ایک ٹینکر سے ٹکراگئی۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر لگتے ہی  ٹینکر اور کار دونوں اُلٹ گئے ، جبکہ کار کی اگلی سیٹ پر سوار ایک شخص کار سے باہر جاگرا اور زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ مرنے والے کی شناخت انپّا کھاروی (60) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ 

ٹینکر مینگلور سے 8000 لیٹرڈیزل اور 4000 ہزار لیٹر پٹرول بھرکر یلاپور جارہا تھا۔ 

ماون کٹہ میں چار لائن ہائی وے کا کام جاری ہے، یہاں مرڈیشور سے بھٹکل کی طرف آنے والی   قریب سو میٹرفاصلے تک ایک طرفہ  سڑک کا کام جاری رہنے کی وجہ سے  بند کردیا گیا ہے، البتہ بھٹکل سے مرڈیشور کی طرف جانے والی ایک طرفہ  سڑک کو آنے اور جانے دونوں کے لئے کھولا گیاہے۔ اسی سڑک پر حادثہ پیش آیا ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ کار غالباً کسی سواری کو اوورٹیک کرنے کی فراغ میں تھی کہ اُسی دوران مخالف سمت سے ٹینکر آگئی اور دونوں سواریاں ایک دوسرے سے تیز رفتاری کے ساتھ ٹکراگئی۔

 زخمیوں کی شناخت انپا کھاروی کے فرزند سبرامنیا کھاروی (30)،   پربھاکر کھاروی (45)، اس کی اہلیہ ناگوینی کھاروی (33)، مہلوک انپا کھاروی کی اہلیہ مُوکامبیک کھاروی (55)، شاردا کھاروی اور  پُشپا کھاروی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں، جن کے نام معلوم نہ ہوسکے۔ 

کار کی ڈرائیونگ  مہلوک انپا کھاروی کا فرزند سبرامنیا  کھاروی  کررہا تھا، وہ حادثے میں شدید زخمی ہوگیا ہے، اُس کو باہر نکالنے کےلئے مقامی لوگوں کو سخت دشواری پیش آئی۔ اس کے دونوں پائوں کار میں بری طرح پھنس گئے تھے۔ 

ٹکر لگتے ہی ٹینکر سے ڈیزل رسنے لگا، جس سے پورے علاقے میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولس اور فائر  بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پہلے زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد میں اُنہیں کنداپور اور منی پال شفٹ کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سبرامنیا کھاروی کی حالت شدید نازک ہونے کی وجہ سے اُسے کنداپور سے زیرو ٹریفک پر  تیزرفتار ایمبولینس کے ذریعے منی پال شفٹ کیا گیا ۔

مہلوک انپا کھاروی کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ اُپندا میں مچھلی کا بہت بڑا    بیوپاری ہے اور کافی معروف ہے، وہ تین بوٹوں کا بھی مالک ہے۔ حادثے میں اس کی موت کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل سمیت بیندور اور اُپندا سے کافی بڑی تعداد میں ماہی گیری سے جُڑے افراد بھٹکل سرکاری اسپتال کے باہر آخری دیدار کے لئے جمع ہوگئے۔

مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔


Share: